جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی

جوڈیشل کمیشن پاکستان نے احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ایک سال توسیع کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔ آئینی بینچز کے تمام ججز کو دوبارہ آئینی بینچز کے ججز کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری کے اصلی ہونے کی بھی تصدیق کی۔ کمیشن نے کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست پر احسن بھون کی ڈگریوں کی تصدیق کروائی۔
اعلامیہ کے مطابق 14 ممبران کی اکثریت سے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی۔ ایک ممبر نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع سے اختلاف کیا۔
سیکریٹری جوڈیشل کمیشن نے کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے احسن بھون کے خلاف شکایت پیش کی۔ شکایت احسن بھون کی تعلیمی قابلیت، انرولمنٹ اور پروفیشنل کریڈینشلز کی تصدیق اور انکوائری سے متعلق تھی۔
سیکریٹری نے کمیشن کو مطلع کیا کہ شکایت تبصرے کےلیے سیکریٹری پاکستان بار کونسل کو بھجوائی گئی تھی۔
جوڈیشل کمیشن میں بلاول بھٹو زرداری اور رانا ثنا اللّٰہ نے پہلی بار شرکت کی، کمیش نے دونوں کو خوش آمدید کہا۔




