ملک بھر کے ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ایک گھنٹہ معطل رہا، مسافروں کی طویل لائنیں لگ گئیں
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کا ایمیگریشن سسٹم تقریبا ایک گھنٹے تک معطل رہا۔
ایمیگریشن کا عمل معطل ہونے سے ایف آئی اے کاؤنٹرز پر مسافروں کی طویل لائنیں لگ گئیں۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کے مطابق سسٹم بیٹھ جانے سے مسافروں کی ایمیگریشن کا عمل عارضی طور پر معطل ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے کا ایمیگریشن سسٹم ملک کے تمام ایئرپورٹس پر بیک وقت معطل ہوا۔
ایمیگریشن سسٹم بند ہونے سے بین الاقوامی پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد ایف آئی اے کا ایمیگریشن سسٹم بتدریج بحال ہو گیا۔
ایف آئی اے حکام نے رابطہ کرنے کے باوجود ایمیگریشن سسٹم معطل ہوجانے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل بھی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کا ایمیگریشن سسٹم بیٹھ گیا تھا۔




