پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں، ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومتی کوششوں کے ساتھ نجی شعبے اور جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم ہاؤس میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جاپان میں مقیم پاکستانی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور تجارتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے معیاری گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ کی اجازت دے کر عوام کے لیے بہتر گاڑیوں تک رسائی کا راستہ کھولا ہے۔ معیار یقینی بنانے کے لیے برآمد کرنے والے ملک میں انسپیکشن اور پاکستان میں اس کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر اعلیٰ معیار کی گاڑیاں میسر آسکیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم، ہنر اور محنت کے ذریعے انفرادی کامیابی کے ساتھ قومی ترقی اور خوش حالی میں بھی حصہ ڈالیں۔
معاشی صورت حال پر وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مشکلات کے باوجود حکومت معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، اسی لیے ایندھن پر سبسڈی فراہم کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا صحت کے شعبے میں بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ عوام کو بلا معاوضہ معیاری علاج میسر آسکے۔




