وزیراعظم کی گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ امجد علی نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، مصدق ملک، عطا تارڑ، شزا فاطمہ، اویس لغاری اور مشیر رانا ثنا ء اللّٰہ اور محمد علی شریک ہوئے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان سے الحاق کا تاریخی دن منانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر جولائی 2026ء میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی، اس میں پن بجلی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کےلیے 100 میگا واٹ شمسی توانائی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور نلتر پاور پروجیکٹ کی تکمیل، انسدادِ دہشت گردی اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر پر بھی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے، متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کیا جائے، گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں