خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع کیلئے پولیس کو 30 سے 40 ارب روپے کی ضرورت ہے: آئی جی ذوالفقار حمید

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ 12 اضلاع کے لیے پولیس کو 30 سے 40 ارب روپے کی ضرورت ہے، رقم کے حصول کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 12 اضلاع میں 4 کیٹگریز پر فوکس کیا گیا ہے۔ جدید اسلحہ، ڈرون اور دیگر ساز و سامان پر بنیادی فوکس ہے، 12 اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹس مکمل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سال میں تمام اضلاع کے سیف سٹی منصوبے مکمل کریں گے، ضم اضلاع میں پولیس کا انفرا اسٹرکچر تھا ہی نہیں، ضم اضلاع میں انفرا اسٹرکچر بنایا جائے گا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ جہاں پولیس انفرا اسٹرکچر کمزور ہے اسے مضبوط کیا جائے گا، پولیس کی کمی پوری کی جائے گی اور انہیں خصوصی تربیت بھی دینی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہوں سے متعلق سمری تیار کی ہے، ہماری تجاویز پر محکمہ خزانہ اپنی رائے دے گا اور گورنر کو بھیجے گا۔




