قانون کا نفاذ حکومت کا فرض، کسی سیاسی شخصیت کا احسان نہیں: علی خورشیدی
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ قانون کا نفاذ حکومت کا فرض ہے کسی سیاسی شخصیت کا احسان نہیں۔
کراچی سے جاری بیان میں علی خورشیدی نے کاہ کہ قانون سازی کا کریڈٹ کافی نہیں، سندھ حکومت بچوں کو عملی تحفظ دے۔
انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون کو ایک دہائی گزر گئی، بتایا جائے کہ مؤثر نفاذ کہاں ہے؟
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ قوانین ریکارڈ کی زینت بنانے کے لیے نہیں، شہریوں کو انصاف دینے کے لیے ہوتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کیا متاثرہ خاندان انصاف کے لیے پہلے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے نوٹس لینے کا انتظار کرے؟
علی خورشیدی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ، وزرا، پولیس اپنی ذمے داریاں نبھانے کے لیے سیاسی ہدایت کے منتظر کیوں ہوں؟ قانون کا نفاذ حکومت کا فرض ہے، کسی سیاسی شخصیت کا احسان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں بچیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، مستند ریکارڈ سے عمروں کی تصدیق کی جائے، کم عمری کی شادی کرانے، سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ سرکاری غفلت یا ملی بھگت ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کا بھی احتساب کیا جائے۔




