ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر 4 سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے: پروجیکٹ ڈائریکٹر

پاکستان کے خلاء باز پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عامر گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی کو سائنسی تجربات کے ساتھ خلائی پرواز کا انتظام سنبھالنے کی بھی تربیت دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر گیلانی نے کہا کہ ذیشان علی بنیادی طور پر پے لوڈ اسپیشلسٹ ہیں، تاہم انہیں ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور خلائی پرواز کے خودکار حصے کو سنبھالنے کی تربیت بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلاء باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر 4 سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے، جن کی نگرانی بیجنگ میں موجود پاکستانی سائنس دان کریں گے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ذیشان علی سورج کی روشنی سے توانائی بنانے والے بیکٹیریا پر تحقیق کریں گے۔
عامر گیلانی کے مطابق امید ہے کہ مستقبل میں ان جرثوموں کو خلائی مشنز میں زندگی برقرار رکھنے کے نظام کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ اس تحقیق سے زمین پر غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تجربات کے نمونے ذیشان علی کے ہمراہ پاکستان واپس لائے جائیں گے، جہاں ان کا مزید تجزیہ اور تحقیق کی جائے گی، جبکہ تجربات کے تمام مراحل کی تصاویر اور ریکارڈ بھی محفوظ کیا جائے گا تاکہ مستقبل کے خلائی مشنز میں ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاء باز ہیں، وہ گزشتہ روز 2 چینی خلاء بازوں کے ہمراہ شین ژو 24 کے ذریعے خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں، جبکہ مشن مکمل ہونے کے بعد شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔




