تحریکِ انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی

پاکستان تحریکِ انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا 4 گھنٹے طویل اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر علی ظفر سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان کی جانب سے مذاکرات یا روابط کمیٹی بنائے جانے پر اعتراض کیا گیا اور کہا گیا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کی موجودگی میں کمیٹی بنے یا مشاورت ہو تو بہتر ہو گا، کسی کی ذاتی خواہشات پر کمیٹی بنائی نہیں جا سکتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان نے میڈیا پر آ کر پارٹی کے خلاف بیانات دینے والے سینیٹرز اور ارکانِ اسمبلی پر اعتراض کیا، اجلاس میں قومی حکومت بنائے جانے سے متعلق بھی ارکان نے الگ الگ آراء دیں۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے کہا کہ قومی حکومت کا بیانیہ مختلف اوقات میں سیاسی لوگ جبکہ بعض دفعہ اسٹیبلشمنٹ کے قریبی رہنما بھی دیتے رہے ہیں، قومی حکومت بنانے کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔
چند ارکان نے کہا کہ اگر قومی حکومت میں بانیٔ پی ٹی آئی کو وزیرِ اعظم بنا دیا جائے تو ہمیں قبول ہو گا، قومی حکومت بنائے جانے سے متعلق ارکان کی رائے پر قہقہے بھی لگے۔
ذرائع کے مطابق ارکان کی جانب سے کہا گیا کہ صوبوں کے قیام پر مشاورتی اجلاس ہونے چاہئیں۔




