روس کا نیوکلیئر پاورڈ ’بوریویستنک‘ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
کراچی (نیوز ڈیسک) روس کا نیوکلیئر پاورڈ ’بوریویستنک‘ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، میزائل 14ہزار کلومیٹر تک 15گھنٹے پرواز کرتا رہا، پیوٹن نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی کوئی دفاعی ڈھال اسے نہیں روک سکتی، تجربہ21اکتوبر کو ہوا، اعلان یوکرین جنگ کے کمانڈ پوائنٹ سے کیا گیا، ماسکو نے پیغام دیا ہے کہ روس مغرب کے دباؤ میں نہیں آئیگا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے نیوکلیئر توانائی سے چلنے والے اپنے جدید ترین کروز میزائل ’بوریویستنک‘ (Burevestnik) کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، جسے نیٹو نے ’اسکائی فال‘ (Skyfall) کا نام دیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اتوار کو اعلان کیا کہ یہ میزائل دنیا کے کسی بھی موجودہ یا آئندہ دفاعی نظام کو ناکام بنا سکتا ہے۔ روسی فوج کے سربراہ جنرل ویلےری گیراسیموف نے پیوٹن کو بتایا کہ میزائل نے تجربے کے دوران 14ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور تقریباً 15گھنٹے تک فضا میں رہا۔ پیوٹن نے کہا کہ یہ وہ ہتھیار ہے جو دنیا میں کسی اور کے پاس نہیں اور اس کی تیاری اب عملی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں اور یوکرین میں جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس کسی بیرونی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا، جبکہ یہ تجربہ مغرب کے لیے ایک واضح پیغام سمجھا جا رہا ہے کہ روس اپنی عسکری طاقت برقرار رکھے گا۔




