وزیراعظم کا کویتی ولی عہد اور عمان کے سلطان سے رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد اور عمان کے سلطان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کویتی ولی عہد شیخ صباح الخالد سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا اور پاکستان و کویت سمیت پوری امت مسلمہ کے امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کویت کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے تمام علاقائی ممالک پر امن و استحکام برقرار رکھنے، اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
انھوں نے کویتی ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو ٹیلی فون کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ملکوں کے عوام، امت مسلمہ کی خوشحالی اور امن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے عمان میں حملوں کےدوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے امن، استحکام اور تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔




