کابل میں حالیہ حملے کا اصل ٹارگٹ افغان طالبان کے گولہ بارود، ڈرون طیاروں کا ڈپو تھا، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفیٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کابل میں کیے جانے والے حالیہ حملے کا اصل ٹارگٹ افغان طالبان کے گولہ بارود اور ہتھیاروں کے علاوہ ڈرون طیاروں کا ایک ڈپو تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ گولہ بارود پھٹنے سے جو دھماکے ہوئے انہیں پورے شہر نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں سویلینز کی ہلاکتوں کا پراپیگنڈا جھوٹ ہے، طالبان کے اکثر جنگجو وردی نہیں بلکہ سویلین لباس پہنتے ہیں اور طالبان منشیات کے عادی افراد کو خودکش حملوں کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان نے کچھ دن قبل پاکستان کے خلاف جو ڈرون استعمال کیے وہ انہیں بھارت کی طرف سے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افغان عوام سے کوئی لڑائی نہیں انہیں تو خود دہشتگردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔




