خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ گیا دوسرا جلد پہنچے گا، وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں بریفنگ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، اس دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول وافر مقدار میں موجود ہے، خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ گیا دوسرا جلد پہنچے گا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں قرار دیا گیا کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں ڈیزل کے ذخائر 24 دن اور پیٹرول وافر مقدار میں موجود ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ گیا، دوسرا جلد پہنچے گا جبکہ مارچ اور اپریل کےلیے مزید تیل درآمدات کے انتظامات جاری رہیں گے۔
بریفنگ کے دران بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور پریمیم میں مسلسل اضافہ ریکارڈ ہوا، درآمدی لاگت بڑھنے سے ایل سیز کے حجم اور مالی دباؤ میں اضافہ ہوا۔
کمیٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ اسٹیٹ بینک اور بینکوں کو درآمدی فنانسنگ میں سہولت دی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایندھن کی مصنوعی قلت روکنے کےلیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کی جانب سے عید اور فصل کٹائی سیزن کے دوران ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مکمل آپریشنل رہیں گی، قلت کا خدشہ نہیں۔
اجلاس میں ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایندھن ذخائر کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت نے توانائی سپلائی کے ذرائع متنوع بنانے کےلیے عالمی رابطے تیز کرنے پر غور کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عوام پر بوجھ کم رکھتے ہوئے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
وزیر خزانہ نے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ اور سپلائی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔




