پاکستان کی کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی: نیول چیف

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔
پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد دیتا ہوں، اصغر خان اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی خدمت کی ایک تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مضبوط فورس ہے، گزشتہ سال مئی میں پاکستان ایئر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاک بحریہ کا ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ہے، معرکۂ حق میں پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو جارحیت سے باز رکھا، قوم کی حمایت سے افواجِ پاکستان دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہے۔
نیول چیف نے کہا ہے کہ ایران امریکا تنازع اور آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔




