لاہور ہائیکورٹ: ججز کی 10 خالی اسامیاں پر کرنے کیلئے نام جوڈیشل کمیشن کو بھیج دیے گئے

لاہور ہائیکورٹ کے ججز کی 10 خالی اسامیاں پر کرنے کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل کمیشن کو 11 نام ارسال کردیے ہیں۔
ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے 4 جولائی تک ناموں کی فہرست طلب کر رکھی تھی۔
علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا گیا جو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے جاری کیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں پرنسپل سیٹ پر پہلے ہفتے میں 6 ڈویژن بینچ اپیلوں پر سماعت کریں گے جبکہ 23 ججز بطور سنگل بینچ کیسز کی سماعت کریں گے۔
موسمِ گرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کے ججز روسٹر کا اطلاق 6 جولائی سے ہوگا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں جبکہ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی کریمنل اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں اور جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
اس کے علاوہ جسٹس محمد طارق ندیم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی کریمنل اپیلوں اور جسٹس ملک اویس خالد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔




