جدید ٹیکنالوجی سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی استعدادِ کار بڑھانے پر اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن، پاک پی ڈبلیو ڈی اور پاسکو بند کیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رائٹ سائزنگ سے قومی خزانے کو بچت ہو رہی ہے، رائٹ سائزنگ کے تحت ختم کی گئی آسامیوں اور اداروں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔
وزیراعظم نے رائٹ سائزنگ سے متعلق اقدامات پرعملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں اورسرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے، متعدد سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری سے متعلق اقدامات کیے جارہے ہیں۔




