سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا صوبے میں 741 مخدوش عمارتوں کا انکشاف
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبے میں 741 مخدوش عمارتوں کا انکشاف کیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین نثار کھوڑو کی زیر صدارت کراچی میں اجلاس ہوا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے صوبے میں 741 مخدوش عمارتوں کا انکشاف کیا۔ ایس بی سی اے کے مطابق 444 تاریخی ورثہ سمیت 588 مخدوش عمارتیں کراچی میں ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ایس بی سی اے نے 59 مخدوش عمارتیں خالی کرانے کی منظوری اور 39 خطرناک عمارتیں گرانے کی منظوری دینے کا دعویٰ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ہیریٹیج کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا، کمیٹی نے مزار قائد کے اطراف خلاف قانون بنی عمارتوں کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
کمیٹی نے کراچی میں 58 غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں عوام کی سرمایہ کاری روکنے کی ہدایت کی اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں ملوث افراد کے نام سامنے لانے کی ہدایت کی۔




