مظاہرین میں موجود لوگوں کے پاس اسنائپرز ہیں، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

ترجمان آزاد کشمیر پولیس ایس ایس پی محمد ریاض مغل کا کہنا ہے کہ کالعدم کمیٹی نے لوگوں کے شناختی کارڈ لیے ہوئے ہیں، ان مظاہرین میں موجود لوگوں کے پاس اسنائپرز ہیں۔
مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ جب آپ امن کی بات کرتے ہیں تو پھر آپ کو ہتھیار لے کر نہیں نکلنا پڑتا، یہ لوگ یہ اسلحہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کرتے ہیں، یہ منصوبہ بندی کے تحت تمام دہشتگردانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ مظاہرین نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے گھروں سے کھانے کی چیزیں چھین لیتے ہیں، کہتے ہیں کہ یہ پرامن تھے تو سفید جھنڈوں کے پیچھے اسلحہ کی تشریح کون کرے گا؟ ان مظاہرین میں 70 فیصد جرائم پیشہ اور منشیات کے عادی لوگ ہیں۔
ایس ایس پی ریاض مغل نے کہا کہ یہ اپنے ہی لوگوں کی گولیوں سے زخمی ہوتے ہیں اور الزام پولیس پر لگا دیتے ہیں، کچھ لوگ جان بوجھ کر ایسی کارروائی کرکے اداروں پر الزام لگاتے ہیں، ان کی فائرنگ سے ہمارا ایک سب انسپکٹر شہید ہوا، ایک اہلکار کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہے دیگر کئی اہلکار زخمی ہیں، پولیس کے 174 اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس ایس ایس پی ریاض مغل نے کہا کہ اس سے پہلے ہمارے تین پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا، ان سارے واقعات سے کیسے سمجھا جائے کہ یہ لوگ پرامن ہیں۔




