27 ستمبر کا لانگ مارچ کا مقصد بانی کی رہائی ہے، شفیع جان کی وضاحت
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع اللّٰہ جان نے وضاحت کی ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا حتمی مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں شہزاد اقبال سے گفتگو میں شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں 20 لاکھ لوگ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لانگ مارچ کے اثرات دکھائی دیں گے، قانون اور آئین کے دائرے میں پُرامن احتجاج کریں گے، عدالتوں پر بانی کے مقدمات کا میرٹ پر فیصلہ کرنے کےلیے دباؤ ڈالیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری سنوائی کہیں نہیں ہورہی اس لیے احتجاج کر رہے ہیں، ہمارے پاس آخری آپشن لانگ مارچ ہے۔ 20 لاکھ لوگوں کے ساتھ پشاور سے نکلیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے ملاقات نہیں کروائی جارہی ہے، ہمارے پاس اب کوئی راستہ نہیں اس لیے لانگ مارچ کا اعلان کیا۔
شفیع اللّٰہ جان نے مزید کہا کہ 9 مہینے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بند ہیں، ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کرنا پڑے گا۔ 27 ستمبر تک ہمارے تمام لوگوں کو متحد ہوجانا چاہیے، یہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ہم سے متفق ہے، 27 ستمبر کو لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، جے یو آئی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، دیگر پارٹیاں بھی شامل ہوں گی۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنداپور بھی ہمارے ساتھ ہوں گے، پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک رہنما نے ہم سے رابطہ کیا ہے، ان کو سارے عہدے چھوڑنے پڑیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے ہماری لیڈر شپ کے ساتھ رابطہ کیا ہے، ہماری ان کے ساتھ مشاورت جاری ہے، آج اجلاس میں اس سے متعلق بات ہوگی۔
شفیع اللّٰہ جان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آئینی عہدے چھوڑنے چاہئیں، ان کے ووٹ سے حکومت قائم ہے، پچھلے بجٹ میں بھی انہوں نے ووٹ دیا ہے، تمام تر چیزوں سے باہر آنا پڑے گا۔




