سندھ حکومت کا میر رضا کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ ججز سے کروانے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ ججز سے کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ آج میر رضا کیس سے متعلق وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ تھی، ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم جوڈیشل کمیشن بنا رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے کہا کہ میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا، ہم اس کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ ججز سے کروائیں گے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ ہے، حکومت کا کام عوام کے ساتھ انصاف کرنا ہے، میر رضا کی فیملی کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔
ضیا لنجار نے کہا کہ میں نے تحقیقاتی ٹیم بھی تبدیل کردی ہے، ڈی آئی جی عامر فاروقی ٹیم کے سربراہ ہیں، فیملی کو کہا ہے جو بھی پولیس افسر کہیں ان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا، اب تک ایسا کچھ نہیں سامنے آیا کہ اس کے پیچھے ہائی پروفائل شخصیت ہو، جوڈیشل کمیشن بننا وقت کی ضرورت سمجھتا ہوں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر سمعیہ کا کام تھا پوسٹ مارٹم غلط ہوا ہے تو حکومت سے رابطہ کرتیں، ڈاکٹر سمعیہ کو حکومت کو بتانا چاہیے تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ٹھیک نہیں ہے، جو بھی خامیاں تھیں ڈاکٹر سمعیہ کو اپنے افسران کو بتانا چاہیے تھیں، ڈاکٹر سمعیہ کے اپنےافسران کو خامیاں نہ بتانے پرحکومت پر تنقید ہو رہی ہے۔




