جنوبی لبنان پر اسرائیل کے شدید حملے، 11 افراد شہید، 12زخمی
کراچی (نیوز ڈیسک) جنوبی لبنان پر اسرائیل کے شدید حملے، 11 افراد شہید، 12 زخمی ہوگئے۔ انصار اور دیر الزہرانی سمیت کئی علاقوں میں بمباری، حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، اس کارروائی کو جون کے بعد سب سے ہلاکت خیز حملہ قراردیا جا رہا ہے۔لبنانی صدر اور وزیر اعظم نے معاہدے کی خلاف ورزی پر اسرائیل کی مذمت کی۔حزب اللہ نے جواب دینے کا اعلان کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ لبنانی حکام کے مطابق نباتیہ کے علاقے انصار کے قریب ایک مکان پر حملے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دیر الزہرانی میں ایک اور حملے میں مزید 4 افراد جان سے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا اور کارروائی اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مبینہ کارروائی کے جواب میں کی گئی۔ تاہم لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انصار میں شہید ہونے والے افراد فوجی اہداف نہیں تھے اور اسرائیلی حملوں کو انتہائی خطرناک قرار دیا۔




