مہنگائی کا وعدہ ٹرمپ کو لے ڈوبا، ریپبلکنز کو وسط مدتی انتخابات میں خطرہ
کراچی (نیوز ڈیسک) مہنگائی کا وعدہ ٹرمپ کو لے ڈوبا، ریپبلکنز کو وسط مدتی انتخابات میں خطرہ، ٹرمپ کا دو سال پرانا گروسری فوٹو شوٹ مشکلات کی یاد بن گیا،اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرنے کا وعدہ پورا نہ ہوسکا۔امریکی ووٹروں کیلئے گرانی سب سے بڑا انتخابی مسئلہ،مہنگائی سے مایوس ٹرمپ کےحامی ووٹ ڈالنے سے گریز کرنے لگے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 2024 میں مہنگائی کے خلاف کیا گیا گروسری اسٹور فوٹو شوٹ اب نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکن پارٹی کے لیے سیاسی بوجھ بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ دو سال قبل ٹرمپ نے نیو جرسی میں پھل، گوشت، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کے درمیان کھڑے ہوکر بائیڈن حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا اور قیمتیں کم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم رائٹرز کے تجزیے کے مطابق ٹرمپ کی دوسری مدت کے پہلے 19 ماہ میں 26 اہم غذائی اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 3.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گائے کے گوشت کی قیمت 19.2 فیصد، سیب 14 فیصد، مچھلی اور سمندری خوراک 8.6 فیصد جبکہ کافی تقریباً 23 فیصد مہنگی ہوئی۔




