کیا چھوٹے صوبوں کو جان بوجھ کر پنجاب سے پیچھے کیا جارہا ہے؟ مزمل اسلم
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے استفسار کیا کہ کیا چھوٹے صوبوں کو جان بوجھ کر پنجاب سے پیچھے کیا جا رہا ہے؟
پشاور سے جاری بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ سسٹم آخر کیوں کولیپس کر رہا ہے، کیا چھوٹے صوبوں کو جان بوجھ کر پنجاب سے پیچھے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے غیر متوازن فیصلےصوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم میں واضح تضاد پیدا کر رہے ہیں۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صرف پنجاب حکومت کی معاونت کے لیے دوسرے صوبوں کا استحصال کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب کے پن بجلی وسائل خیبر پختونخوا سے کم جبکہ ایک سال میں 66 اعشاریہ 8 ارب روپے اضافی دیے گئے۔
مزمل اسلم نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال وفاق نے پنجاب کو 96 اعشاریہ 8 ارب اور خیبر پختونخوا کو صرف 30 ارب روپے دیے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں پنجاب کو خیبر پختونخوا کے مقابلے میں 106 اعشاریہ 2 ارب اضافی دیے گئے ہیں، وفاق دوسرےصوبوں کے حقوق روک کر پنجاب حکومت کو وینٹی لیٹر پر مسلسل چلا رہا ہے۔




