پی ٹی آئی کو یقین ہو گیا ہے کہ عدالتیں انصاف کر رہی ہیں: طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو یقین ہو گیا ہے کہ عدالتیں انصاف کر رہی ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو سپریم کورٹ کی تعریف کرتے دیکھا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے پاس ایگزیکٹو اختیار نہیں کہ عدالتوں کے فیصلوں کے برعکس بات کرے، سب کو ماضی میں رہائی عدالتوں سے ملی۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ عدالتیں ہی واحد چینل ہیں جس سے رہائی کا کوئی راستہ بنتا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانئ پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، بانئ پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی کے تحت اسپتال منتقل کیا جائے، اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتِ حال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
بانئ پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاء انٹرنیشل اسپتال ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دے، بانئ پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج موجود ہوں گے۔




