انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل: اسپیکر کی وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر سے نام دینے کی درخواست

پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر محمو خان اچکزئی کو خط لکھ کر اراکین کے نام بھجوانے کی درخواست کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے اپنے خط میں وزیراعظم شہباز شریف کو بطور قائد ایوان 15 اراکین کے نام دینے کی درخواست کی ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو 10 سینیٹرز کے نام بھجوانے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کو 5 اراکین کے نام بھجوانے کا کہا گیا ہے۔
خط میں تینوں رہنماؤں کو جلد از جلد نام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے، نام ملتے ہی 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے نام خط وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے حوالے کیا گیا، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کے تناسب سے نمائندگی ہوگی، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل پارلیمانی کمیٹی تشکیل پانے کا امکان ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تینوں خطوط لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی روایات کے مطابق ہر جماعت کو اس کی تعداد کے مطابق نمائندگی ملے گی۔




