وزیراعظم اشارہ کریں تو استعفیٰ دے دیں گے، چوہدری سالک

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ کرپشن کو کسی سازش کے ساتھ لنک نہ کیا جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا مزید کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف اشارہ کریں گے تو ہم استعفیٰ دیدینگے۔
انھوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ڈپٹی کمشنر موجود تھیں کوئی مسئلہ نہیں تھا بہتر ورکنگ کوآرڈینشن تھی، ڈیڑھ سال پہلے ہماری بات ہوئی تھی ہم نے کہا تھا ایسا ڈی سی لگائیں جن کا اربن ڈیولپمنٹ کا تجربہ ہو، جب ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی ہوگئی تو ہم نے کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا۔
چودھری سالک حسین نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز نے غلط انفارمیشن کی وجہ سے یہ بیان دیا، انھوں نے جو بیان دیا یہ باتیں ایک حکمران کو زیب نہیں دیتیں، کرپشن پر زیرو ٹالرنس تو پہلے دن سے ہونا چاہیے، ابھی تو عام انتخابات میں ڈھائی سال پڑے ہیں مجھے نہیں پتہ یہ کونسے الیکشن کی بات کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا میں اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے، نوٹس کا جواب تیار ہے کل پرسوں تک بھیج دوں گا، وزیراعلیٰ پنجاب اپنے والد سے پوچھ لیں ان کو زیادہ پتہ ہوگا کہ چودھری شجاعت کس طرح کی شخصیت ہیں۔
وفاقی وزیر چودھری سالک نے کہا اب میں کچھ کہوں گا تو ان کی نمبر تھری آجاتی ہیں یا غالباً ان کی نمبر ٹو ہیں، پھر ان کی نمبر ٹو آجاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ شرم آنی چاہیے خواتین سے متعلق بات کرنے پر، اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں۔
انھوں نے کہا آپ سیاست میں ہیں اور ایسی گھٹیا بات کریں گے تو جواب بھی ملے گا، چودھری شجاعت پر آج تک کرپشن کا الزام نہیں انھوں نے صرف عزت کمائی ہے، ان کو اپنے والد سے پوچھنا چاہیے کہ کوئی اگر کسی چیز کی نشاندہی کرے تو کس طرح جواب دینا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے ساری بات اپنے اوپر لے لی ہے اس کا کیا مطلب ہے؟ انھوں نے کہا کہ کسی بھی پروجیکٹ یا منصوبے میں کرپشن ہوئی تو میں ذمہ دار ہوں، وہ آئے دن کر کیا کررہی ہیں؟ کرپشن کے خلاف ہی کریک ڈاون کررہی ہیں نا۔
انھوں نے کہا کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی، زیادہ کھل کر سامنے آگئی ہے، کبھی انٹرویو دیتے وقت نہیں پوچھا کہ سوالات کیا ہوں گے، اگر مجھ سے پوچھا جاتا کہ کے پی میں بڑی کرپشن ہو رہی ہے تو میں کہتا جی بالکل ہو رہی ہے۔
چودھری سالک حسین نے کہا ہم اتحادی حکومت میں ہیں جب یہ اتحاد بنا تو طے ہوا کس جماعت کو کونسی وزارت ملے گی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ اب اتحادیوں کی ضرورت نہیں تو اس کے ساتھ یہ چیز بھی منسلک ہے، میرے بیان کے آدھے گھنٹے بعد ہی وزیراطلاعات پنجاب نے جارحانہ پریس کانفرنس کی۔
انھوں نے کہا ان کی وزیراطلاعات جس طرح مخاطب ہوتی ہیں اور بات کرتی ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ جواب بھی دوں، وفاقی وزیراطلاعات سے ملاقات ہوئی تو انھوں نے پوچھا تو ساری بات ان کو بتائی، انھوں نے کہا کہ شام کو میں بیان کی وضاحت دے دوں گا، پھر ان کا بیان بھی آیا۔
چودھری سالک نے کہا بات وہی ختم ہوجاتی لیکن میڈم جب اٹک گئیں نجانے ان کو کس نے کیا بتایا کہ اس طرح کی باتیں کردیں، میں انا یا ذاتی مفاد کے لیے بات نہیں کرتا، عزت نفس کو چھیڑیں گے تو رد عمل دونگا، نہیں سوچا کہ میرا بھائی بھی پنجاب حکومت میں ہے تو یہ بات نہ کروں محتاط رہوں، جو حقیقت ہے وہ حقیقت ہے۔
انھوں نے کہا ثبوت ضرور پیش کروں گا ہوسکتا ہے کہ میرے پاس کچھ ایسی چیزیں ہوں جو ابھی سامنے نہیں آئیں، یہ تو عدالت میں پتہ چلے گا، عدالت میں تو انھوں نے مجھے لے کر جانا ہے، پاکستان کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ صوبے کی چیف ایگزیکٹیو نے کسی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا۔
چودھری سالک نے کہا میں نے تو پنجاب حکومت کی بات کی انھوں نے اپنے اوپر لے لیا، ایسی چیزوں کی نشاندہی کرنا کسی کی ہتک عزت نہیں، مجھ سے وزیراعظم نے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا، وفاقی وزیر اطلاعات کی معاملے کو ٹھیک کرنے کی کوشش وزیراطلاعات پنجاب نے خراب کردی، میڈم نے خود بھی غالبا کل والا بیان تو بہت بیلیو دی بیلٹ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا جو ملک سے باہر بیٹھے ہیں ہمارا ان سے کیا لینا دینا ہم نے ان کے خلاف الیکشن لڑا ہے، یہ ہمیں ان کے ساتھ ملا رہے ہیں شاید ہمیں نیچا دکھانے کے لیے، انھوں نے چودھری شجاعت حسین کو ق لیگ کی صدارت سے بھی ہٹانے کی کوشش کی تھی۔
انھوں نے کہا ہماری نیت اتحاد کے وقت بھی ٹھیک تھی اب بھی ٹھیک ہے آئندہ کیا ہوتا ہے یہ ان کا ظرف ہے، 2025 میں ایلیٹ فورس دی تھی اور اب انھوں نے واپس لے لی، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو کہا گیا اگر رات 12 تک واپس نہ آئے تو معطل کر دیا جائے گا۔
چودھری سالک حسین نے کہا اگر وہ اگلی ارینجمنٹ کی تفصیل بتا دیتیں تو میرے لیے بھی آسانی ہوجاتی مجھے آئیڈیا نہیں، میں نے جب یہ بیان دیا تو اس کے پیچھے کوئی محرکات نہیں تھے۔




