آزاد کشمیر کے فیصلے وہاں کے عوام کی خواہشات اور مفادات کے مطابق ہونگے: عبدالعلیم خان

آزاد کشمیر کے فیصلے وہاں کے عوام کی خواہشات اور مفادات کے مطابق ہونگے: عبدالعلیم خان
—فوٹو ریلیز
—فوٹو ریلیز

استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے فیصلے وہاں کے عوام کی خواہشات اور مفادات کے مطابق ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، معیاری تعلیم، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور شفاف طرزِ حکمرانی استحکامِ پاکستان پارٹی کی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے، کشمیری بہن بھائیوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور آزاد کشمیر کے 100 فیصد بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے، کیونکہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

صدر استحکامِ پاکستان پارٹی نے کہا ہے کہ اگر ہمیں حکومت بنانے کا موقع ملا تو میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، اگر ہماری حکومت میں کرپشن ہوئی تو میں خود اس کی ذمے داری قبول کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کو جمہوری انداز میں قبول کریں، کامیابی پر شائستگی اور شکست پر تحمل کا مظاہرہ کریں، برسوں اقتدار میں رہنے والی جماعتیں آج بھی عوامی محرومیوں کی ذمے دار ہیں، جو جماعتیں 2، 2 اور 3، 3 مرتبہ حکومت میں رہیں، وہ آج ہم سے سوالات کر رہی ہیں، حالانکہ انہیں اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے، گلگت بلتستان میں استحکامِ پاکستان پارٹی نے بہترین امیدوار میدان میں اتارے ہیں اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کبھی ہار نہیں مانی اور نہ ہی مشکل حالات میں گھبرائے، میں نے وزیرِ اعظم سے کہا تھا کہ مجھے وزارتِ مواصلات پر مکمل توجہ دینے کا موقع دیا جائے تاکہ ملک کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جدید شاہراہوں اور موٹر ویز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، گلگت بلتستان میں شاہراہوں پر کام ہو رہا ہے جبکہ سکھر تا کراچی موٹر وے کو بندرگاہ سے منسلک کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ موٹر وے کو 4 کے بجائے 6 رویہ بنایا جا رہا ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، کھاریاں، اسلام آباد موٹر وے کی تعمیر بھی جاری ہے، جس سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تقریباً 100 کلو میٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا۔

استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو مظفر آباد تک توسیع دی جا رہی ہے جبکہ مظفر آباد کو مانسہرہ سے بھی جدید شاہراہ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے آزاد کشمیر کے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، انہیں تعلیم اور محنت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے، جنوبی پنجاب اور سندھ کے عوام کئی دہائیوں تک بنیادی انفرااسٹرکچر سے محروم رہے، حیدرآباد سکھر موٹر وے 30 سال تک نہ بن سکی، لیکن آج وہی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں جنہوں نے اپنے ادوار میں عوامی مسائل حل نہیں کیے۔

استحکامِ پاکستان پارٹی میں اے 25 اپر نیلم سے ڈاکٹر سردار ظفر اقبال، پونچھ سے سردار مرتضیٰ علی احمد، جہلم ویلی حلقہ 4 سے سردار عبدالجبار مغل ، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل عامر نعیم ، کوٹلی مظفر آباد سے سید افتخار حسین شاہ، کونسلر شجاع منگول ایڈووکیٹ، ایل اے 35 سے چوہدری عبدالقدیر گجر، نیلم سے سردار سجاد گل، چیئرمین حاجی افتخار مغل، چیئرمین فہیم مشتاق، میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر زمان، ترجمان سردار مشعل یونس، جہلم ویلی سے سید انعام گیلانی، کونسلر خالد محمود، کونسلر نعمان عثمان، ایل اے 42 سے حافظ احمد بٹ، ویلی 3 سے سردار نزاکت منشاد، نعمان علی چغتائی، عاصم حمید، فرحان انور اور نوید چوہدری شامل ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر سے سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں کرنل محبوب، علی خان سونی، ملک ذوالفقار، صاحبہ صدیق، ریاض گجر، طاہر کھوکھر، راجہ طالب، مرتضیٰ علی احمد، جبار مغل اور تقدیس گیلانی بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر جی جی جمال، گل اصغر خان، شہزاد عزیز، فیاض الحسن چوہان، چوہدری ظہیر الدین خان، مخدوم طارق محمود الحسن، راجہ یاور کمال، سردار امیر ہارون، حمزہ مجید بازمی، ذولفقار علی، ملک محمد یوسف، اعجاز احمد کھٹانہ، چوہدری محمد مقبول، محمد ندیم کھوکھر، چوہدری وقار نذیر ایڈووکیٹ، چوہدری ذوالفقار نور، احسان احمد، محمد عرفان چوہدری، عون چوہدری، رانا نذیر احمد خان، شعیب صدیقی، چوہدری رؤف احمد، ہارون گل، میاں خالد محمود بھی موجود تھے۔



50% LikesVS
50% Dislikes
July 2026
M T W T F S S
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
2728293031  

اپنا تبصرہ بھیجیں