ایئرفورس کے بہادرگروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے
پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایوینیو سے گزر رہے تھے، انہوں نے ایک موٹر سائیکل سے ایک خاتون کو اترتے دیکھا جس کا ہاتھ موٹر سائیکل سوار کھینچ رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے واپس آئے، موٹر سائیکل کے قریب رکے جس پر لڑکی گاڑی کی دوسری طرف بھاگ آئی۔
پولیس کے مطابق خاتون گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کی جانب آ گئی، جس پر مبینہ ملزم سعد نے ان سے بدکلامی کی اور پھر فائرنگ کردی جس سے کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ ملزم اس کا دفتر کولیگ تھا جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی، ملزم راستہ تبدیل کرکے اسے کہیں اور لے جانا چاہتا تھا جس پر وہ اس سے زور آزما رہا تھا، گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں بچایا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کر رہے ہیں۔ گروپ کیپٹن عاصم شہید نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اظہار افسوس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد میں گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید عاصم طارق کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔




