ڈاکٹر طفیل جوکھیو نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج سنبھال لیا

ڈاکٹر طفیل جوکھیو نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج سنبھال لیا
---تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

جامعہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی 4 سالہ آئینی مدت گزشتہ روز مکمل ہو گئی تھی، جس کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کو مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک جامعہ کراچی کی اضافی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔

جامعہ کراچی پہنچنے پر رجسٹرار، ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، افسران اور ملازمین نے ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر انہیں گلدستے پیش کیے گئے جبکہ جامعہ کی انتظامیہ نے انہیں مختلف شعبوں اور جاری انتظامی امور سے متعلق ابتدائی بریفنگ بھی دی۔

چارج سنبھالنے کے بعد اساتذہ، افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی اور تاریخی درسگاہ ہے، جہاں ہزاروں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، اس لیے اس ادارے کو درپیش مسائل بھی دیگر جامعات کے مقابلے میں زیادہ اور پیچیدہ ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مجھے اضافی چارج سونپا گیا ہے، تاہم جب تک یہ ذمے داری میرے پاس رہے گی، میں جامعہ کراچی کے انتظامی، تعلیمی اور مالی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کا انحصار نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت پر ہوتا ہے، تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کو وقت کی پابندی اپنی اولین ترجیح بنانا ہو گی۔ 

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ملازمین روزانہ صبح ساڑھے 8 بجے تک اپنی حاضری یقینی بنائیں اور مقررہ وقت پر اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کریں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی اور انتظامی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ڈاکٹر طفیل جوکھیو نے کہا کہ صرف تنقید سے ادارے بہتر نہیں بنتے بلکہ عملی کام، اجتماعی کوشش اور ٹیم ورک ہی کامیابی کی ضمانت ہیں، اگر ہم سب مل کر خلوصِ نیت کے ساتھ کام کریں تو جامعہ کراچی کو دوبارہ ملک کی صفِ اوّل کی جامعہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اساتذہ اور ملازمین کو یقین دلایا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر فرد کے لیے کھلے رہیں گے اور کسی بھی مسئلے یا تجویز کو کھلے دل سے سنا جائے گا۔

ڈاکٹر طفیل جوکھیو نے کہا کہ میں مشاورت، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلوں پر یقین رکھتا ہوں، جامعہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کو درپیش مسائل کا حل باہمی اعتماد، بہتر انتظامی حکمت عملی اور اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔ 

ڈاکٹر طفیل جوکھیو کا کہنا ہے کہ جامعہ کی علمی ساکھ، تحقیقی سرگرمیوں، تدریسی معیار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں بہتری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں