حکومت سندھ کا ای وی ٹیکسی سروس اور 50 ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا فیصلہ

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا جس میں ستمبر سے ای وی ٹیکسی سروس اور اکتوبر میں 50 ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال کے آخر سے مرحلہ وار ایک ہزار ای وی بسز لائی جائیں گی جبکہ لاڑکانہ سے قمبر، قمبر سے شہدادکوٹ تک پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر شرجیل میمن کو مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے تمام ڈپوز کی تعمیر مقررہ ٹائم لائن پر مکمل کی جائے۔ لاڑکانہ سے قمبر اور قمبر سے شہداد کوٹ پیپلز بس کے نئے روٹس جلد فعال کیے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کی ای وی ٹیکسی سروس کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا۔ مرحلہ وار ایک ہزار الیکٹرک بسیں بھی پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں اکتوبر میں کراچی پہنچ جائیں گی، شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سہولت دینا چاہتی ہے۔




