کوہستان اسکینڈل میں گھر سیل، درخواستگزار کو اسلام آباد کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت

کوہستان اسکینڈل کے الزام میں گھر سیل کرنے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ آنے والے درخواست گزار کو اسلام آباد کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
عدالت عالیہ پشاور کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کی ہری پور میں پراپرٹی تھی اور باہمی تبادلے پر اسلام آباد میں پراپرٹی لی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے گھر کا لنک کوہستان اسکینڈل کے ساتھ ملایا۔ پھر بیورو نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کیا جس پر میرے موکل پیش ہوئے اور ریکارڈ بھی فراہم کیا۔
اس پر جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، آپ اسلام آباد کی عدالت سے رجوع کریں۔
سماعت کی دوران اسپیشل پراسیکوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ نیب کسی کی پراپرٹی منجمد کرتی ہے تو اس کا اپنا ایک طریقہ کار ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کو اسلام آباد کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔




