کراچی میں شاہراہِ نورجہاں پر پولیس مقابلے میں بھتہ خور ہلاک، ساتھی فرار

کراچی میں پولیس مقابلے میں بھتہ خور ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شاہراہِ نور جہاں پر ہوئے پولیس مقابلے میں بھتہ خور بلال ہلاک ہوگیا ہے، ہلاک ملزم بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا گروپ کا کمانڈر تھا۔
پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ نارتھ ناظم آباد بلاک یو میں ہوا۔ ہلاک ملزم محمد بلال سے نائن ایم ایم پستول، لوڈ میگزین، گولیاں اور دو موبائل فون برآمد ہوئے، ہلاک ملزم بلال بھتہ خوری کیلئے فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھا۔
ملزم کی متعدد بھتہ خوری وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس نے حاصل کرلی ہیں، ملزم بلال متعدد وارداتوں میں گرفتار ہوکر جیل بھی جا چکا تھا، ہلاک ملزم نے 10 اگست کو نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں بھتہ نہ ملنے پر مٹھائی کی دکان پر فائرنگ کی جس سے ایک پولیس اہلکار اور دو راہ گیر زخمی ہوئے تھے۔
فیروزآباد میں زیر تعمیر پروجیکٹ سے بھتہ نہ ملنے پر بھی فائرنگ کی تھی، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔




