سانحہ پمز، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس 31 اگست کو طلب

سانحہ پمز اسپتال پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس 31 اگست کو طلب کرلیا گیا، پی ٹی آئی اراکین کمیٹی سے بھی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی عامر ولی الدین چشتی کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس پیر دن 12 بجے پمز اسپتال میں ہو گا، تمام سینیٹرز سے کہا ہے وہ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
عامر ولی الدین چشتی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی اجلاس سے قبل پمز اسپتال کا دورہ کرے گی، کمیٹی پمز سے متعلق گزشتہ سفارشات کا بھی جائزہ لے گی، اجلاس میں وزارت صحت، سی ڈی اے ، سول ڈیفنس کو بھی طلب کیا ہے، چاہتے ہیں اسپتالوں سے متعلق قومی پالیسی لائی جا سکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں جھلس کر جاں بحق 14 نومولود کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرنے اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب سانحہ پمز پر وزیراعظم شہباز شریف کی تحقیقاتی کمیٹی نے چلڈرن اسپتال کی نرسری کے عملے سے تحریری بیانات طلب کر لیے۔
کمیٹی نے نرسری کی سی سی ٹی وی کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا، نرسری اسٹاف سے سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سی سی ٹی وی کا جائزہ لیا، آگ کی وجوہات سے متعلق انتظامیہ کے بیان اور سی سی ٹی وی ویڈیو کا موازنہ کیا، پمز ہیلتھ مینجمنٹ کے عملے سے پوچھ گچھ کی۔
کمیٹی پمز انتظامیہ نے 26 اگست کو ڈیوٹی پر موجود عملے کا روسٹر جمع کروایا، جبکہ فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ پیش کی۔
کمیٹی کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سمیت 4 افسران نے تحریری بیانات جمع کروائے، کمیٹی 48 گھنٹوں میں عبوری تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔




