کراچی بار ایسوسی ایشن کی جماعتِ اسلامی اور تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

کراچی بار ایسوسی ایشن نے آج کی جماعتِ اسلامی اور تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
کراچی بار کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کراچی بار کے تحت سندھ ہائی کورٹ تا پریس کلب مہنگائی کے خلاف پُرامن ریلی نکالی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہڑتال اور پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے وکلاء اور سائلین کو کورٹ پہنچنے میں مشکل ہو سکتی ہے۔
کراچی بار کا کہنا ہے کہ عدالت سے گزارش ہے کہ وکلاء یا سائلین کی غیر حاضری پر کوئی سخت آرڈر جاری نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم پر لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعتِ اسلامی نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں دھرنے سے خطاب میں امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب زبردستی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، لیوی کے نام پر بھتہ ٹیکس کے خلاف احتجاج جاری ہے، ہم نے وہ مسائل اجاگر کیے جن کا شعور عوام میں نہیں تھا۔




