مشاق تربیتی طیارہ حادثے کے شہدا کی نمازِ جنازہ ادا، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سمیت دیگر کی شرکت

مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حسنین اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، عطا تارڑ اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ شریک تھے۔
شہدا کی نمازجنازہ میں اعلیٰ سول وعسکری حکام اور شہدا کے عزیز واقارب نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور قوم دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا کی جرأت، لگن اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ باعثِ فخر رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شہدا کو آبائی علاقوں میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔




