پاکستان اور چین کے درمیان زرعی مصنوعات کیلئے گرین چینل فعال کرنے کے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان زرعی مصنوعات کیلئے گرین چینل فعال کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں پاکستان اور چین کی کسٹمز انتظامیہ کے درمیان دستخط کی تقریب ہوئی۔
اس سلسلے میں پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت کو سہل بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی وفد کی سربراہی ممبر کسٹمز آپریشنز شکیل شاہ نے کی۔ گرین چینل کے تحت اہل کھیپ کی ترجیحی بنیادوں پر پراسسنگ یقینی بنائی جائے گی۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق معاہدے کے تحت خطرات کی بنیاد پر کسٹمز کنٹرولز نافذ کیے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک چین کسٹمز انتظامیہ کے درمیان معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔ جلد خراب ہونے والی زرعی مصنوعات کی کھیپوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا انتظام کیا ہے۔
پاکستان کسٹمز کا کہنا تھا کہ گرین چینل سے تجارت کے انتظام میں بہتری اور تجارتی سہولت کاری کو فروغ ملے گا۔




