میرا اپنے قائد مولانا فضل الرحمان سے گلہ ہے انہوں نے ان پر یقین کیوں کیا، عالیہ کامران
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا ہے کہ میرا اپنے قائد مولانا فضل الرحمان سے گلہ ہے کہ انہوں نے اِن پر یقین کیوں کیا۔
عالیہ کامران نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تقریر کل کی تھی لیکن کل ماحول بڑا ٹھنڈا رہا۔ خواجہ آصف مولانا فضل الرحمان کی تقریر کے دوران ہاتھ جوڑتے رہے۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمانی روایات ہیں کہ جب کوئی ممبر موجود نہیں ہوتا تو اس پر بات نہیں کی جاتی، آئین کو توڑنا ان کے لیے مذاق بن گیا ہے تو یہ پارلیمانی روایات کو تو توڑیں گے۔
عالیہ کامران نے کہا کہ خواجہ آصف کل آتے، ہمت دکھا کر مولانا صاحب کے سامنے بات کرتے، رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مولانا صاحب نے حصے والی کوئی بات نہیں کی۔
عالیہ کامران نے کہا کہ انھوں نے ملک کو میدان جنگ بنایا ہوا ہے، آپ نے ڈیزل ڈیزل کے نعرے ماضی میں سنے ہوں گے وہ بھی کچھ ثابت نہیں کرسکے۔
انھوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ آئین کی بالادستی کی بات کرتے رہے ہیں، یہ کہتے ہیں پی ڈی ایم کی حکومت ملی تو ڈھائی وزارتیں ہمیں ملیں، یہ بتائیں کہ اس وقت باقی وزارتیں کون چلا رہا تھا؟
عالیہ کامران نے کہا کہ ہم بے شک آئین کا ساتھ دیتے جیسے ابھی بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی ائی کے معاملے پر دے رہے ہیں۔




