جے آئی ٹی کا میر رضا کے بزنس پارٹنرز سے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ

میر رضا: فائل فوٹو
میر رضا: فائل فوٹو 

کراچی میں میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا دوسرا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا، جس میں میر رضا کے بزنس پارٹنرز سے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس جے آئی ٹی سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے دفتر میں منعقد ہوا، جہاں متعدد پولیس افسران اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے اجلاس میں سی آئی اے پولیس کے افسر غوث بخش اعوان، تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، فیروز آباد کے سابق ایس ایچ او عدیل افضال، گلستان جوہر کے سابق ایس ایچ او کامران قریشی اور فیروز آباد کے ایس آئی او شبیر لغاری کے بیانات قلمبند کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے میر رضا کے کاروباری شراکت دار احمد بھاردے اور ان کے بھائی کا بیان بھی ریکارڈ کیا، جبکہ اجلاس کے دوران میر رضا کے اہل خانہ بھی ڈی آئی جی آفس میں موجود رہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، مالی اور کاروباری معاملات کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔ ان تمام افراد کو مرحلہ وار طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے ساتھ میر رضا کے مالی لین دین یا کاروباری معاملات رہے ہیں۔ ان کے کاروباری شراکت داروں سے مزید پوچھ گچھ کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، جے آئی ٹی ماضی میں میر رضا کیس کی ہونے والی تمام تحقیقات کا از سرنو جائزہ بھی لے گی۔ 

ذرائع کے مطابق ٹیم نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو کیس کے تکنیکی پہلوؤں پر دوبارہ تحقیقات کرکے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے آئندہ اجلاس میں کیس کی سابقہ تفتیشی ٹیم کے ارکان کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، جس کی لاش دو روز بعد گلستان جوہر سے ملی تھی، میر رضا علی صبح چار بج کر نو منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی جبکہ اس کے سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ رضا کی لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔

پولیس کی جانب سے ٹیلی کام کمپنی سے مقتول کا فون ریکارڈ اور اس سے رابطہ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا بھی طلب کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ رضا نے جس ٹیکسی سے سفر کیا تھا اس کے ڈرائیور کو بھی شامل تفتیش کیا گیا تھا، ڈرائیور نے بیان میں بتایا تھا کہ اس نے میر رضا علی کو گلستان جوہر میں اس کے کچن پر چھوڑا تھا۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشن اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور رضا اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔

میر رضا علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خامیوں کی نشاندہی 4 اگست کو جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں کی گئی تھی۔

پروگرام میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد کے سامنے دوبارہ پوسٹ مارٹم کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید اور میر رضا علی کے والد، دونوں نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں عدالتی حکم کے بعد میر رضا کی 8 اگست کو قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد اسی دن دوبارہ تدفین کردی گئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔

رپورٹ کے مطابق میر رضا کے پاؤں پر بھی زخم کے نشان ہیں، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے ہیں، رپورٹ میں میر رضا کی دائیں ران پر تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر اور زخم کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کے جبڑے کے حصے میں گہری چوٹ اور فریکچر کے شواہد ملے، ناک کی ہڈی اور چہرے کے مختلف حصوں پر بھی چوٹیں پائی گئیں۔

میر رضا کے دوسرے پوسٹ مارٹم کے بعد سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تفتیش کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو ہٹا دیا تھا، کمیٹی میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ، ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللّٰہ سومرو اور دیگر کو تفتیش سے ہٹا یا گیا تھا، تحقیقاتی ٹیم پر میر رضا کے والدین نے تحقیقاتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں