حکومت تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی سطح پر کشیدگی کے پیش نظر معیشت اور عوامی ریلیف کیلیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے کے مزید اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے، بروقت بنائی گئی کمیٹی کے فیصلوں کی بدولت عوام کیلئے تیل کی مسلسل فراہمی ممکن ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کیلئے اقدامات کا نفاذ ہوچکا ہے اور مزید پر کام جاری ہے، کفایت شعاری اور بچت کے تمام نافذ العمل اقدامات پر تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت جاری کی جاچکی ہے۔
انھوں نے کہا معاشی استحکام اور عوام کے لیے ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام اقدامات فوری ریلیف اور طویل مدتی معاشی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا حکومت عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سرکاری نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنانے اور شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں موجود تیل کے ذخائر پر بریفنگ دی گئی۔ فیول کی مانگ پوری کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو عوام کو عالمی کشیدگی کے پیش نظر ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ حکومت پاکستان تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق تیل کی متعین قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کیلیے پاک ایپ میں صارفین کیلیے فیچر شامل کر دیا گیا۔ صارفین پاک ایپ کے ذریعے تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں پر فروخت سے متعلقہ حکام کو آگاہ کرسکتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا۔




