بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کا جعلی سوشل میڈیا پیجز کیخلاف سائبر کرائم کو خط

کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نام سے سوشل میڈیا پر کئی جعلی پیجز کا انکشاف ہوا ہے، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کی انتظامیہ نے تعلیمی معلومات کے نام پر فیک فیس بک گروپس کی نشاندہی کر دی۔
انتظامیہ نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ فیک اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں بلاک کیا جائے، طلبہ کو گمراہ کرنے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف ایک آفیشل میٹا ویریفائیڈ اکاؤنٹ مستند ہے، جعلی پیجز پر غلط معلومات کی وجہ سے طلبہ متاثر ہو رہے ہیں، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کے نام سے 24 جعلی فیس بک اور 8 جعلی انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیں۔
سائبر کرائم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انٹر بورڈ کا واٹس ایپ پر بھی ایک جعلی اکاؤنٹ فعال ہے، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غلط تعلیمی معلومات پھیلانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کا کہنا ہے کہ بورڈ کے خط پر جعلی پیجز اور گروپس کے خلاف کاررروائی کا آغاز کر دیا ہے، جعلی پیجز اور گروپس کے ذریعے پیپر لیک ہونے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔




