2025، ایک کروڑ 95 لاکھ سے زائد عازمینِ حج و عمرہ سعودی عرب پہنچے
ریاض (شاہد نعیم) سعودی وژن 2030 کے تحت جاری خدمتِ حرمین و ضیوف الرحمن پروگرام نے سال 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں عازمینِ حج، معتمرین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور خدمات کے معیار میں بہتری کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک سے 1 کروڑ 95 لاکھ سے زائد عازمینِ حج و عمرہ سعودی عرب پہنچے، جن میں 1 کروڑ 80 لاکھ 30 ہزار سے زائد عمرہ زائرین جبکہ تقریباً 15 لاکھ عازمینِ حج شامل تھے۔ عمرہ زائرین کی تعداد میں 2022 کے مقابلے میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود ضیوف الرحمن کے تجربے اور اطمینان کی شرح بلند رہی۔ عازمینِ حج کی اطمینان کی شرح 91 فیصد جبکہ معتمرین کی اطمینان کی شرح 94 فیصد تک پہنچ گئی، جو سعودی وژن 2030 کے مقرر کردہ اہداف سے بھی زیادہ ہے۔




