گولیوں کی گونج میں ٹھپے لگائے گئے، کیسے کہا جا سکتا ہے انتخابات شفاف ہوئے؟ چوہدری لطیف اکبر

آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر اور حلقہ ایل اے 31 کھاوڑہ سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار لطیف اکبر نے کہا ہے کہ گولیوں کی گونج میں سرعام ٹھپے لگائے گئے، پھر کیسے کہا جا سکتا ہے کہ انتخابات شفاف ہوئے؟
مظفرآباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کی ہدایات پر بدترین دھاندلی کروائی گئی ہے۔ لوگوں پر گولیاں چلائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ اس طرح دھاندلی، لوگوں پر تشدد اور قتل عام کیا گیا ہو۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مجھ پر حملہ کیا گیا، سیکیورٹی اسکواڈ سے اسلحہ چھیننے کی کوشش ہوئی ہے۔ ڈی ایس پی موقع پر حملے کے گواہ ہیں، واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ گولیوں کی گونج میں سرعام ٹھپے لگائے گئے، پھر کیسے کہا جا سکتا ہے کہ انتخابات شفاف ہوئے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں آزادانہ پولنگ ہوئی اور جہاں دھاندلی ہوئی، دونوں کے نتائج میں واضح فرق ہے۔




