میر رضا کیس، سابق تفتیشی افسر نے عدالت سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس میں سابق تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرانے کےلیے مہلت مانگ لی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی، سابق تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور مزید مہلت طلب کی۔
سابق تفتیشی افسر نے کہا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، اعلیٰ حکام نے مقدمے کے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سماعت پر نئے تفتیشی افسر پیش ہوں گے۔
عدالت نے سابق تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی اور رپورٹ 15 اگست تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
اس سے قبل میر رضا کیس کی تفتیش میں پولیس کی مزید خامیاں سامنے آئی ہیں، حکام نے کئی دن گزر جانے کے باوجود جائے وقوع کی جیو فینسنگ نہیں کروائی ہے جبکہ مقتول کے موبائل کا ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل نہیں کیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ میر رضا کی اسمارٹ واچ کی فرانزک بھی نہیں کروائی گئی، جائے وقوع کی جیو فینسنگ آج کروائی جائے گی اور موبائل ڈیٹا ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ مشکوک گیسٹ ہاؤس کی بھی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم نے این سی سی آئی اے سے رابطہ کیا ہے، این سی سی آئی اے میں میر رضا سے متعلق درخواست جمع کروائی جائے گی جس کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ میر رضا کو کسی دھمکی کا سامنا تو نہیں تھا۔




