ن لیگ کی کارکردگی چند سڑکوں کے سوا کیا ہے؟ حسن مرتضیٰ
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پنجاب کے سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگادیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حسن مرتضیٰ نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ یہ انتقامی کارروائیاں نہیں کرتے، یہ سیاسی جماعتوں اور اتحادیوں تک کو نہیں چھوڑتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ہر ظلم کو برداشت کریں گے، بتایا جائے کہ پنجاب میں آپ کی کارکردگی چند سڑکوں کے سوا کیا ہے؟ لاہور میں جرائم کی صورتحال تشویشناک ہے۔
پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ 2024ء میں گھریلو تشدد کے 561 واقعات ہوئے، کوئی ایک سزا نہیں ہوئی، فیصل آباد میں 3 سے 4 ارب روپے کا اسکینڈل ہے کوئی کمیشن نہیں بنا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کہتے ہیں نظام عدل کے لیے ہماری بڑی خدمات ہیں، فیصل آباد میں خواتین کے قتل کے 31 مقدمات ہوتے ہیں اور کسی کو سزا نہیں ہوتی۔
حسن مرتضیٰ نے یہ بھی کہا کہ سیف الرحمان اور میاں صاحب نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کرتے ہوئے معافی مانگی۔




