صوبائیت کی بنیاد پر شناختی کارڈ منسوخ نہیں کیے جارہے، طلال چوہدری
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی قوتوں کی جانب سے خلاء ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں طلال چوہدری نے کہا کہ کسی کا صوبائیت کی بنیاد پر قومی شناختی کارڈ منسوخ نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے کئی شہریوں کے غیر قانونی طور پر شناختی کارڈز بنائے گئے، نادرا کے کئی اہلکار اس حوالے سے قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ افغانستان کے شہریوں نے کئی ممالک میں پاکستانی پاسپورٹ سرنڈر کیے ہیں، قومی ایکشن پلان پر سیاست کے بجائے متفقہ طور پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بات کی گئی، اس پر بحث کےلیے وزارت داخلہ تیار ہے۔
وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اراکین سیکیورٹی بریفنگ کے دوران واک آؤٹ کرجاتے ہیں، قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد وفاق اور صوبوں نے مل کر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کی صورتحال یقینی بنانا ہے۔




