میر رضا قتل کیس میں پولیس کا پہلا باضابطہ بیان آگیا
سندھ پولیس نے کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں پہلی مرتبہ باضابطہ بیان جاری کردیا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق میر رضا کیس میں تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات جاری ہیں، طبی رپورٹس، شواہد اور سابقہ ٹیم کی کارروائی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اہل خانہ، حلقہ احباب اور دیگر متعلقہ ذرائع سے حاصل معلومات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے، تحقیقاتی ٹیم کو اب تک 2 پوسٹ مارٹم رپورٹس، ایک حتمی رپورٹ موصول ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو تین کیمیائی تجزیاتی رپورٹس بھی موصول ہوچکی ہیں، ٹیم کو آخری کیمیائی تجزیاتی رپورٹ 17 اگست کو موصول ہوئی۔
ترجمان کے مطابق کیمیائی تجزیاتی رپورٹ کا بغور، تفصیلی ، تقابلی اور تنقیدی جائزہ لیا جارہا ہے ،رپورٹس کے بعض نکات کی مزید وضاحت یا باہمی مطابقت کی ضرورت محسوس ہوئی ہے۔ ان نکات کی وضاحت اور مزید تصدیق کے لیے متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق موبائل فون اور اسمارٹ واچ کے ڈیٹا کے تجزیے کے لیے پنجاب فارنزک ایجنسی سے رابطہ کیا گیا، ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق امور کی تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے سے رابطہ کیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق موبائل فون کو اَن لاک کرنے کے لیے متعلقہ کمپنی کے حکام سے رابطہ کیا گیا جبکہ کیمیائی تجزیاتی رپورٹ کے غیر واضح نکات کی وضاحت سے اہم پیشرفت متوقع ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم دستیاب تکنیکی، ڈیجیٹل، فارنزک اور دیگر قابل اعتماد شواہد کی بنیاد پر روزانہ تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔




