پاکستان کےلیے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں: صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی ہے، اس دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کےلیے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کی پاکستان سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کےلیے خدمات اور تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نواف بن سعید المالکی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کےلیے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں۔ سفیر نواف بن سعید المالکی کے دور میں قائم مضبوط بنیاد آئندہ برسوں میں بھی پاک سعودی دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
سعودی سفیر نے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور تعاون پر صدرِ مملکت، حکومت اور پاکستانی عوام سے اظہار تشکر کیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




