قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کا فیصلہ، آٹا پھر بھی مہنگا

گندم کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مگر آٹا پھر بھی مہنگا ہوگیا۔
وفاقی حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن آٹے کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئیں۔ اگرچہ ٹماٹر، چکن اور پیاز سمیت 11 اشیاء سستی ہوئیں تاہم وفاقی ادارۂ شماریات کی دستاویزات نے عوام کی پریشانی مزید نمایاں کردی۔
ملک میں 20 کلو آٹے کا سب سے مہنگا تھیلا کراچی میں 3 ہزار 200 روپے تک پہنچ گیا، جبکہ پشاور میں 3 ہزار 100، اسلام آباد میں 3 ہزار 93 اور راولپنڈی میں 3 ہزار 67 روپے ریکارڈ ہوا۔
حیدرآباد میں 2 ہزار 940، بنوں میں 2 ہزار 900 اور کوئٹہ میں 2 ہزار 850 روپے، جبکہ ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں قیمت 2 ہزار 800 روپے تک ہے۔
دوسری جانب مہنگائی کا دباؤ صرف آٹے تک محدود نہیں۔ ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ ایل پی جی 3.46، ڈیزل 2.44 اور پیٹرول 1.71 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ بجلی کے سہ ماہی چارجز میں بھی 2.06 فیصد اضافہ ہوا۔




