غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہم پر دہشت گردی ایک منصوبے کے تحت مسلط کی گئی، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے۔
لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر انہیں کہتا ہےکہ وہ ناسمجھ ہیں، اپنےعوام کے ساتھ کھڑے ہونا نا سمجھی ہے تو وہ یہ ناسمجھی بار بار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں مسلط کیا گیا ہے وہ ملک میں تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں، حالات ان کے قابو سے باہر نکل گئے ہیں، ہمارے جمہوری مطالبات ماننا پڑیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ہم پر دہشت گردی ایک منصوبے کے تحت مسلط کی گئی، جو فوجی جوان ملک کیلئے قربانی دیتے ہیں وہ ہمارے وجود کا حصہ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھر خون بہہ رہا ہے، ہم بے گھر اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ جس حکومت کا آپ حصہ ہیں وہ 5300 ارب روپے کی کرپشن کرچکی ہے، اگر آپ کے لیے یہ سمجھداری ہے تو میں ایسی سمجھداری پر لعنت بھیجتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں دوبارہ آباد کیا گیا وہ بھی ان کے قابو سے باہر ہوگئے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت کو غلط پالیسی کا حصہ بننے پر مجبور کیا جا رہا تھا، میں بانی پی ٹی آئی کا کھلاڑی ہوں، میں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلہ سازوں نے ملک پر ایک پارٹی مسلط کی ہے، اس پارٹی کی وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ مجھے بھارت سے نہیں 3 صوبوں سےخطرہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں اس سسٹم کے خلاف نفرت دیکھ رہا ہوں، خیبر سے کراچی تک ہر شخص اسلام آباد جانا چاہتا ہے، ہمارے جمہوری مطالبات ماننا پڑیں گے۔




