پاکستان کیساتھ اشتراک سے عظیم الشان ثقافتی ورثے کی حفاظت میں حقیقی پیشرفت کر رہے ہیں، امریکی ناظم الامور
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان باہمی اشتراک سے عظیم الشان ورثے کی حفاظت میں حقیقی پیشرفت کر رہے ہیں۔
نیٹلی بیکر نے بلوچستان کے پارلیمانی سیکریٹری نواب زادہ میر محمد زرین خان مگسی اور سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈونچر سوسائٹی (سیز) کی قیادت کے ساتھ مہر گڑھ عجائب گھر بلوچستان کے لیے امریکن ایمبیسیڈرز فنڈ فار کلچرل پریزرویشن (اے ایف سی پی) پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
یہ پروجیکٹ بلوچستان میں اے ایف سی پی کے تحت شروع کیا جانے والا پہلا اقدام ہے۔ سیز اور محکمہ ثقافت بلوچستان کے اشتراک سے مکمل کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت قدیم نیئولیتھک (حجری دور) اور تاریخی مہر گڑھ تہذیب کے آثار قدیمہ کو محفوظ کیا گیا۔
عجائب گھر کی کیوریشن کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنایا گیا، عوام میں آگاہی کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی اور آثار قدیمہ کی طویل مدتی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیئے مقامی ماہرینِ ثقافت کو تربیت دی گئی۔
اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی اے ایف سی پی کا دائرہ کار اب پاکستان کے چاروں صوبوں تک پھیل چکا ہے، جو پاکستان کے عظیم الشان ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے دیرپا عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پائیدار نتائج کے حصول اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو استحکام دینے کے لیے امریکی مہارت کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
امریکی ناظم الامور نے مزید کہا کہ آج ہمیں اس امر پر دلی مسرت ہے کہ عجائب گھروں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں اعلیٰ امریکی مہارت کی بدولت مہر گڑھ عجائب گھر بلوچستان 8000 سال قدیم مہر گڑھ تہذیب اور دیگر تاریخی ادوار کو شاندار انداز میں اجاگر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ امریکی مہارت دیرپا اور واضح نتائج دیتی ہے، جو نہ صرف تاریخ کو محفوظ بناتے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کر کے مقامی برادریوں کو بھی بااختیار بناتے ہیں۔ امریکہ اور پاکستان باہمی اشتراک سے اس عظیم الشان ورثے کی حفاظت میں حقیقی پیشرفت کر رہے ہیں۔
تقریب کے دوران امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر، پارلیمانی سیکریٹری نواب زادہ زرین مگسی اور پروجیکٹ لیڈز ڈاکٹر اسماء ابراہیم اور ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری نے ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی جو رواں ماہ کوئٹہ میں مہر گڑھ میوزیم کی باضابطہ دوبارہ کشادگی سے قبل میوزیم کے مرکزی دروازے پر نصب کی جائے گی۔




