کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کو فوری رہا کرے، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت کا کہنا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کو فوری رہا کرے۔
مظفر آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر احتجاجی مظاہروں میں خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں پر کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے حملے کیے، ہائی وے پولیس کے 8 اہلکاروں کو اغوا کیا، اہلکاروں پر تشدد کیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
ایس ایس پی خاور علی نے کہا کہ ان کی شرانگیزی سب کے سامنے ہے، ریاست پہلے کمزور تھی نہ اب ہے، نظام کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی تو ریاست آئینی ذمہ داری پوری کرے گی۔




